امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں کسی ایک جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا، پاکستان میں حکومت کا انتخاب وہاں کے عوام کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان کے سابق وزیراعظم کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کے الزامات پر بات نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے، ہم نے ہمیشہ واضح کیا کہ حکومت کا انتخاب پاکستانی عوام کریں گے۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ ہماری دلچسپی پاکستان کے جمہوری عمل میں ہے، ہماری نظر آزادانہ اور شفاف انتخابات پر ہے، پاکستانی قوانین کے مطابق انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہم کسی ایک جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتے۔