امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران معاہدے کا مسودہ اسرائیل اور دیگر اتحادیوں سے شیئر کردیا۔
برطانوی اخبار کے مطابق مسودے کی تفصیلات وہی ہیں جو کئی دنوں سے میڈیا پر زیر گردش ہیں۔ مسودے کے مطابق آبنائے ہرمز کھلے گی اور امریکی ناکہ بندی ختم ہوگی۔
مسودے کے مطابق ایران کے منجمد اثاثوں میں سے 12 ارب ڈالر ریلیز کیے جائیں گے۔ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق فیصلہ 60 دن کے اندر کیا جائے گا۔
دوسری جانب فوکس نیوز کو انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایرانی بہت چالاک مذاکرات کار ہیں لیکن تمام مضبوط پتے ہمارے ہاتھ میں ہیں۔ ایسا معاہدہ قبول نہیں کریں گے جو امریکا کیلئے اچھا نہ ہو۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں صورتحال کو پوری طرح دیکھ رہا ہوں، میں مذاکرات کرتا ہوں۔ وہ بھی مذاکرات کرتے ہیں، وہ بہت ماہر اور چالاک مذاکرات کار ہیں لیکن آخر میں تمام مضبوط پتے ہمارے پاس ہیں کیونکہ ہم انہیں عسکری طور پر شکست دے چکے ہیں۔





















