پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان اسلام آباد اور دہلی میں جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ ہوا ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر اہلکار کو دفتر خارجہ میں فہرست دی گئی جبکہ بھارتی وزارت خارجہ میں فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو دی گئی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر سال یکم جنوری کو جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک اپنے اپنے حساس مقامات کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات فراہم کرتے ہیں۔ فہرستوں کے تبادلے کے بعد دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی عام استعمال کی جوہری تنصیبات کے مقامات کا علم ہوتا ہے۔
اس فہرست میں اگرچہ ایٹمی ہتھیاروں کی اصل تعداد یا حقیقی مقامات کی معلومات فراہم نہیں کی جاتیں، البتہ فہرست کی مدد سے نو فلائی زون اور نو انٹری ایریاز کے بارے میں معلومات کا تبادلہ ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور بھارت کے درمیان جیلوں میں بند قیدیوں کی فہرستوں کا بھی تبادلہ ہوا ہے، پاکستان میں قید ماہی گیروں اور شہریوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی گئی جبکہ بھارتی جیلوں میں موجود پاکستانی قیدیوں کی فہرست پاکستانی ہائی کیمشن کو دی گئی۔ دونوں ممالک معاہدے کے تحت یکم جنوری اور یکم جولائی کو فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔