نئے سال 2024 کی آمد آمد ہے، لوگ نئے سال کو الگ الگ طریقوں سے مناتے ہیں، میلہ، پارٹی، ناچ گانا اور آتشبازی کرکے جشن منایا جاتا ہے، لیکن آج ہم آپ کو کچھ ایسی جگہوں کے بارے میں دلچسپ حقائق بتانے جارہے ہیں جہاں نیا سال بالکل ہی الگ اور انوکھے انداز سے منایا جاتا ہے۔
پلیٹ توڑ جشن
پلیٹیں توڑ کر نئے سال کا استقبال کرنے کی روایت ڈنمارک کی ہے، جہاں نئے سال کے موقع پر پلیٹیں توڑی جاتی ہیں، یہاں مانا جاتا ہے کہ آنے والا نیا سال خوشیاں لے کر آئے گا، اسی لئے ڈنمارک میں لوگ اپنے دوستوں یا رشتہ داروں کے گھر جاتے ہیں اور پلیٹیں توڑ کر ان کے دروازوں پر پھینک دیتے ہیں۔
دال کھائیں خوشحالی لائیں
دال کھانے کا رواج برازیل میں نئے سال کے استقبال کی منفرد روایت ہے۔ نئے سال کے موقع پر یہاں کے لوگ خاص طور پر دال پکا کر کھاتے ہی کیونکہ دال کو دولت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس لئے یہ مانا جاتا ہے کہ دال کھانے سے نئے سال میں خوشحالی آتی ہے۔
انگور کھانا
اسپین میں نئے سال کے جشن کے موقع پر لوگ 12 بجتے ہی انگور کھانا شروع کردیتے ہیں، مانا جاتا ہے کہ آدھی رات کو انگور کھانے سے آنے والے 12 مہینے خوشحالی لاتے ہیں۔
گھنٹی بجاؤ جشن
ایشیائی ممالک (جاپان اور جنوبی کوریا) میں نئے سال کے استقبال کیلئے گھنٹیاں بجائی جاتی ہیں، لوگ جگہ جگہ گھنٹیاں بجاتے نظر آتے ہیں۔
بھالو ڈانس
آپ نے کرسمس کے موقع پر بچوں یا بڑوں کو سانتا کلاز کا ڈریس پہنے تو دیکھا ہی ہوگا لیکن رومانیہ میں لوگ نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے بھالو کے ڈریس پہن کر رقص کرتے ہیں۔
جشن ہے یا غصہ
امریکا کے کئی شہروں میں نئے سال کے موقع پر کچھ چیزیں اونچائی سے پھینکی جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر انڈیانا میں لوگ اونچائی سے تربوز پھینکتے ہیں، وہیں جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے ضروری اشیاء گھر سے باہر پھینک دی جاتی ہیں۔
خالی سوٹ کیس
خالی سوٹ کیس کے ساتھ سفر کرنا جنوبی امریکا کے کچھ ممالک میں روایت ہے، لوگ نئے سال کے موقع پر سوٹ کیس لے کر گھومتے ہیں، یہاں مانا جاتا ہے کہ خالی سوٹ کیس لے کر واک کرنے سے پورا سال رومانس سے بھرپور رہے گا۔
قبرستان میں سونا
قبرستانوں میں مُردوں کے ساتھ سونا بھی نئے سال کے جشن کی ایک روایت ہے جو چلی میں پائی جاتی ہے جہاں نئے سال کا جشن قبرستانوں میں سو کر منایا جاتا ہے۔