وفاقی تتحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کراچی زون نے 2023ء کی کارکردگی پر مبنی اعداد وشمار جاری کردیے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2023 کے دوران منی لانڈنگ، حوالہ ہنڈی، انسانی اسمگلرز اور اشتہاری ملزمان کے خلاف درجنوں کارروائیاں کی گئیں۔
اعلامیے کے مطابق ایک سال کے دوران کرنسی غیرقانونی ایکس چینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں 8 مقدمات درج کیے گئے، مقدمات میں نامزد 19 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ اس دوران ملزمان سے ایک لاکھ 14ہزار176 امریکی ڈالر،7 لاکھ 4 ہزار 480 روپے مالیت کی دیگر غیرملکی کرنسی برآمد کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران43 کروڑ75 لاکھ 6 ہزار 289 پاکستانی روپے بھی برآمد کئے گئے، مختلف کاروبارکی آڑمیں حوالہ ہنڈی اور بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔
دوسری جانب جرائم میں ملوث264 ملزمان، ویزا فراڈ، انسانی اسمگلنگ میں ملوث 74 ملزمان گرفتارکئے، گرفتار ملزمان میں 50 اشتہاریوں کے علاوہ ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔
رواں سال کے دوران انسانی سمگلروں کے خلاف 87مقدمات درج کئے گئے، 194 مقدمات کی تفتیش مکمل کرکے چالان جمع کیے گئے جبکہ 22 انسانی اسمگلروں کو سزائیں سنائی گئی۔