متحدہ عرب امارات میں دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ( اے آرٹی) نے کہا ہے کہ نئے سال پر دبئی اور دیگر مقامات پر جہاں آتشبازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ٹیکسی کے کرائے میں اضافہ کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’ھلا‘ ایپ کے ذریعے ان مقامات پر جانے والی ٹیکسی کے نرخوں میں 100 فیصد اضافہ صرف ان دنوں ہو گا جب آتشبازی کے شوز ہو رہے ہوں گے۔ یہ اضافہ 31 دسمبر شام 6 بجے سے یکم جنوری 2024 صبح 6 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔
اتھارٹی نے کہا کہ ھلا ٹیکسی سروس اور ریگولر میٹر ٹیکسی دونوں کے لیے نئے فلیگ ڈاون ٹیرف کا اطلاق کمرشل سینٹرز، یکسپو سٹی اور گلوبل ویلج سمیت اہم تقریبات، نمائشوں اور بین الاقوامی کنونشنز کے دوران ہوگا۔
دبئی میں ٹیکسی کے ٹیرف کے نرخ مختلف ٹیکسی سروس، پک اپ پوائنٹ، سفر کے دورانیے اور سفر کے فاصلے پر منحصر ہیں۔ واضح رہے کہ دبئی میں عام طور پر کم از کم ٹیکسی ٹیرف یا فلیگ ڈاون کی شرح 12 درہم ہے جس میں اضافی 1.97 درہم فی کلو میٹر ہیں۔