کراچی والے دو ہزار تئیس میں آوارہ کتوں سے پریشان رہے، شہر میں کتے کے کاٹنے کے 42 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، سگ گزیدگی کے شکار شہری چار بڑے اسپتال پہنچے، ریبیز سے 10 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سال 2023ء میں کتا مار مہم چلی نہ نیوٹرل کرنے کا کوئی منصوبہ بنا، یہی وجہ ہے کہ شہر میں کتوں کی بہتات ہے، کراچی کے 4 بڑے اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کے کیسز 42 ہزار سے تجاوز کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2023ء میں ریبیز کے باعث 10 افراد زندگی کی باز ہار گئے، انڈس اسپتال میں 13 ہزار کیسز اور ریبیز سے 7 اموات رپورٹ ہوئیں، جناح اسپتال میں 15 ہزار کیسز اور 3 اموات ہوئیں، سول اسپتال میں 12 ہزار اور عباسی شہید اسپتال میں 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
شہری کہتے ہیں کتوں کی بڑھتی تعداد تشویشناک ہے۔ میئر کراچی کا کہنا ہے کہ کتوں کی ویکسینیشن کیلئے منصوبہ بنالیا ہے۔
سندھ میں ایک اندازے کے مطابق کتوں کی تعداد 30 لاکھ ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کچرے کے ڈھیر کتوں کی افزائش کا سبب بنتے ہیں۔