عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لئے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوگیا ہے ، سابق وزیر اعظم نواز شریف ، شہباز شریف اور مریم نواز کے تمام حلقوں سے کاغذات منظور جبکہ عمران خان کے مسترد ہوگئے۔
عام انتخابات 2024 کا دوسرا مرحلہ ہفتے کے روز مکمل ہوا جس میں تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کی گئی، دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات پر عائد اعتراضات کو سنا گیا اور انہیں مسترد کرنے یا ان کی منظوری کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔
مسلم لیگ ( ن )
سکروٹنی کے مرحلے میں مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کاغذات لاہور کے حلقہ این اے 130 ، شہباز شریف کے این اے 123 لاہور اور کراچی 242 جبکہ مریم نواز کے کاغذات نامزدگی لاہور اور سرگودھا کے تمام حلقوں سے منظور کر لیے گئے۔
آئی پی پی
استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے سربراہ جہانگیر خان ترین کے این اے 149 اور پارٹی صدر عبدالعلیم خان کے این اے 117 سے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے وہ اہم رہنما جن کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو چکے
پیپلز پارٹی
پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 ، این اے 196 اور این اے 127 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کے این اے 207 نوابشاہ اور پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما فریال تالپور کے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 10 سے کاغذات منظور کرلیے گئے۔
تحریک انصاف
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین عمران خان کے این اے 122 لاہور اور این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے تاہم، این اے 122 سے تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔