نیپال کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سندیپ لیمی چین پر لڑکی سے زیادتی کا جرم ثابت ہوگیا، انہیں آئندہ سماعت پر سزا سنائی جائے گی۔
نیپالی میڈیا رپورٹس کے مطابق کٹھمنڈو ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج ششر راج پر مشتمل سنگل بینچ نے جمعہ کو نیپال کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سندیپ لیمی چین کیخلاف کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالتی فیصلے میں نیپال کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سندیپ لیمی چین کو لڑکی سے زیادتی کا مجرم قرار دے دیا گیا، تاہم عدالت کا کہنا ہے کہ زیادتی کے وقت متاثرہ لڑکی نابالغ نہیں تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپالی کرکٹر سندیپ لیمی چین کو آئندہ سماعت پر سزا سنائی جائے گی۔
واضح رہے ستمبر 2022ء میں 17 سالہ لڑکی نے سندیپ لیمی چین کیخلاف شکایت درج کروائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا کہ نیپالی کرکٹر نے کٹھمنڈو کے ایک ہوٹل کے کمرے میں ان کے ساتھ زیادتی کی۔
لڑکی کی شکایت پر سندیپ لیمی چین کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے اور بعد ازاں انہیں وطن واپسی پر ایئر پورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔
رواں سال 12 جنوری کو سندیپ لیمی چین کی طرف سے دائر نظرثانی کی درخواست پر ہائیکورٹ نے کرکٹر کو 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سے وہ فی الحال ضمانت پر ہی ہیں۔
واضح رہے کہ سندیپ لیمی چین پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)، بگ بیش لیگ (بی بی ایل) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی۔