پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فریال محمود نے سابق شوہر و اداکار دانیال راحیل سے طلاق ہونے کی اہم وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو ذہنی اذیت دیتے تھے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ فریال محمود اور دانیال راحیل 2020ء میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے لیکن بدقسمتی سے جوڑے کی شادی زیادہ نہ چل سکی اور صرف دو سال میں ہی 2022ء میں طلاق پر ختم ہوگئی۔
حال ہی میں فریال محمود نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی طلاق پر بھی گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ کیسے ایک عورت کو طلاق یافتہ کا لقب ملتا ہے اور اس کے والدین کہتے ہیں کہ مر جانا لیکن گھر واپس مت آنا۔
فریال محمود نے کہا کہ طلاق کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا ختم ہوگئی بلکہ یہ عورت کیلئے زندگی کی نئی شروعات کا موقع بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں اپنی گھریلو ملازمہ کو حوصلہ دیتی ہوں جو جسمانی تشدد کے باعث شادی ختم کرنا چاہتی ہے، وہ میرے بہت قریب ہے اور اچھی ہے لیکن طلاق لینا چاہتی ہے۔
اداکارہ کے مطابق میری اپنی شادی ایک ذہنی اذیت تھی، سابق شوہر مجھے اور میں انہیں ذہنی اذیت دیتے تھے، بالآخر یہی وجہ تھی جس کے باعث ہماری شادی طلاق پر ختم ہوئی۔