خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی یلغار، گزشتہ سال کی نسبت رواں سال صوبے کا رخ کرنیوالے سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، ڈیڑھ کروڑ سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے حسین اوردلفریب مقامات پر ڈیرے ڈالے۔
سیاحتی مقامات خیبرپختونخوا کا قیمتی اثاثہ ہیں، رواں سال معاشی مشکلات کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد نے بلند و بالا پہاڑوں اور حسین وادیوں کا رخ کیا۔
اونچائی سے گرتے آبشاروں، دریاؤں اور دلکش جھیلوں کے نظاروں کو دیکھنے کیلئے سیاحوں کی آمد کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔
محکمہ سیاحت کے مطابق سال 2022ء میں 88 لاکھ جبکہ رواں سال (2023ء میں) ایک کروڑ 70 لاکھ تک سیاحوں نے خیبر پختونخوا کا رخ کیا، سب سے زیادہ 63 لاکھ 48 ہزار سیاح گلیات پہنچے، وادی ناران 50 لاکھ 80 ہزار اور 35 لاکھ 49 ہزار سے زائد سیاح قدرتی حسن کا نظارہ کرنے کیلئے مالم جبہ پہنچے۔
جی ایم سیاحت محمد علی کہتے ہیں کہ سیاحت کے فروغ کیلئے صوبے میں خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جن میں نئے مقامات کا متعارف کرانا بھی شامل ہے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق ایک سال کے دوران 4 ہزار 554 غیر ملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کا رخ کیا، سب سے زیادہ ایک ہزار 624 غیر ملکی سیاح لوئر چترال میں سیر و تفریح کیلئے آئے۔