بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے فلم ’ راکی اور رانی کی پریم کہانی ‘ میں اہم کردار ادا کرنے کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ بالی ووڈ کی فلم ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ میں شبانہ اعظمی کا کردار سب سے پہلے شرمیلا ٹیگور کو آفر کیا گیا تھا؟ ویسے، یہ راز ’ کافی ود کرن 8 ‘ کی تازہ ترین قسط میں سامنے آیا جہاں فلم کے ہدایت کار اور شو کے میزبان کرن نے لیجنڈری اداکار کے ساتھ کام نہ کرنے پر اپنا افسوس ظاہر کیا۔
کافی ود کرن 8 کی حالیہ ایپی سوڈ کے دوران کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے شرمیلا کو عالیہ بھٹ کی دادی کے کردار کی پیشکش کی تھی لیکن، یہ کردار آخر کار شبانہ اعظمی نے نبھایا۔
کرن جوہر کا کہنا تھا کہ’’میں نے شرمیلا جی کو کردار کی پیشکش کی تھی، وہ میری پہلی پسند تھیں لیکن اس وقت صحت کی وجہ سے وہ ہاں نہیں کہہ سکتی تھیں اور مجھے اس پر افسوس ہے ‘‘۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے شرمیلا نے انکشاف کیا کہ ’’ میرے کینسر کے بعد، ان دنوں کورونا وائرس عروج پر تھا، میں ویکسین کے بارے بھی نہیں جانتی تھی اور نہ ویکسین لگائی گئی تھی، لہذا، میں نہیں چاہتی تھی کہ میں یہ خطرہ مول لوں ‘‘۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب شرمیلا نے کینسر سے اپنی جنگ کا ذکر کیا۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ کی تجربہ کار اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے بنیادی طور پر ہندی اور بنگالی سنیما میں اپنا حصہ ڈالا ہے، ان کی شادی بھارتی کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے 1968 میں ہوئی تھی جن کا 2011 میں انتقال ہو گیا، شرمیلا تین بچوں کی ماں ہیں۔
لیجنڈری اداکارہ کے بیٹے سیف علی خان اور سوہا علی خان بھی بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔