غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شارجہ نے نئے سال کے موقع پر آتش بازی کر کے جشن نہ منانے کا فیصلہ کیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق یہ اقدام اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازعہ کے باعث کیا گیا ہے ، جس میں غزہ میں 20,000 سے زائد افرادشہید ہو چکے ہیں، جن میں ایک قابل ذکر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
شارجہ پولیس کی طرف سے اعلان کردہ اس فیصلے کا مقصد بڑھتے ہوئے بحران کے تناظر میں فلسطینیوں کی حمایت کا اظہار کرنا ہے۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور حکام اداروں اور افراد سے مکمل تعاون کی اپیل کر رہے ہیں۔
غزہ میں تنازعہ نے ایک انسانی بحران کو جنم دیا ہے، پانی، خوراک، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت نے محصور علاقے میں 2.4 ملین افراد کو متاثر کیا ہے۔ اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ غزہ کے 1.9 ملین باشندے بے گھر ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے حماس کے تباہ ہونے تک "امن نہیں" کے حالیہ اعلان نے کشیدگی کو بڑھا دیا ہے، اور اسرائیل کے آرمی چیف کے مطابق جنگ "مزید کئی مہینوں" تک جاری رہنے کی توقع ہے۔