کراچی میں کتوں کی بہتات نے شہریوں کی زندگی مشکل کردی، گھگھر پھاٹک کا 62 سالہ بزرگ شہری کتے کے کاٹنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔
کراچی کے علاقے کورنگی کے انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹے کے مریض کو داخل کرایا گیا، جو انتقال کر گیا، رواں برس انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹنے سے 6 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
گھگھر پھاٹک کے رہائشی 62 سالہ شخص کو ایک ماہ پہلے کتے نے کاٹا تھا، جسے گزشتہ روز انڈس اسپتال لایا گیا تاہم وہ بدھ کی صبح انتقال کرگیا۔
اسپتال میں ڈاگ بائیٹ کلینک کے انچارج آفتاب گوہر کے مطابق مذکورہ شخص انڈس اسپتال لایا گیا تو اس میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوچکی تھیں اور جب مریض میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوجائیں تو ایسے مریض کا کوئی علاج نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ انڈس اسپتال میں رواں برس کتے کے کاٹنے کے 6 مریض انتقال کر چکے ہیں، سال 2023ء میں انڈس اسپتال میں کتے کے کاٹنے کے 13 ہزار سے زیادہ مریض لائے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی میں کتے کے کاٹے کے 32 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔