گجرات میں تحریک لبیک پاکستان کے پی پی 29 کیلئے امیدوار ملک ثاقب کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعہ لین دین کا تنازع قرار دے دیا، دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
گجرات کے علاقے جلالپور صوبتیاں میں دن دیہاڑے گولیاں مار کر تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار ملک ثاقب کو قتل کردیا گیا۔ اہلخانہ نے الزام لگایا ملک ثاقب کو سیاسی مخالفین نے قتل کروایا۔
مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ ملک ثاقب واک کیلئے باہر نکلے تھے جہاں گھات لگائے ملزمان نے ان پر فائرنگ کی۔
پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے معاملے کو رقم کے لین دین کا تنازع قرار دیا ہے۔
ایس ایچ او کڑیانوالہ عدنان احمد کا کہنا ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ نہیں ہے، پراپرٹی اور رقم کا تنازع تھا، مقتول صحافی بھی تھا جس پر پہلے سے مقدمے بازی بھی چل رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ منگل کے روز پیش آیا، مقتول کی نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ملک ثاقب گجرات کے حلقہ پی پی 29 سے تحریک لبیک کے امیدوار تھے۔