عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، الیکشن کمیشن میں سیکیورٹی پر اہم ترین اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق صوبوں میں پولیس اہلکاروں کی قلت کا سامنا ہے، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور فوج کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اجلاس اسلام آباد میں سیکریٹری ای سی پی کی زیر صدارت ہوا، جس میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے آئی جیز جبکہ سندھ پولیس کے اے آئی جی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرکاء کو صوبوں میں امن و امان کی صورتحال پر پولیس حکام نے بریفنگ دی، صوبوں میں پولیس اہلکاروں کی قلت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متبادل اہلکاروں کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور فوج کی تعیناتی پر غور کیا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کا پشاور ہائیکورٹ کے پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ سے متعلق فیصلے پر بھی اجلاس ہوا جو بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
اجلاس میں قانونی ٹیم نے حکام کو پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی، الیکشن کمیشن کل بھی اس معاملے پر مشاورت کرے گا، ای سی پی کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخاب سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ موصول ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری 2024ء کو قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہوں گے، جس کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ 24 دسمبر کو ختم ہوگیا، 25 دسمبر سے کاغذات کی جانچ پڑتال شروع ہوگئی جو 30 دسمبر تک جاری رہے گی۔