پنجابی ادب کی عظیم شاعرہ امریتا پریتم کے ساتھی اور معروف مصور اندرجیت سنگھ ( امروز ) 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
1926 میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں پیدا ہونے والے اندرجیت نے امروز کے نام سے شہرت حاصل کی اور وہ پنجابی کی عظیم شاعرہ امریتا پریتم کے دوست رہے۔
امریتا اور امروز کے درمیان تعلق 45 برس کے عرصے پر محیط رہا تاہم، دونوں نے شادی نہیں کی۔
امروز نے لاہور آرٹس سکول سے ڈپلومہ کیا اور بعدازاں تقسیم کے بعد ہندوستان منتقل ہوگئے جہاں ان کی 1958 میں امریتا پریتم سے پہلی ملاقات ہوئی۔
فیصل آباد میں ان کے آباؤ اجداد کھیتی باڑی سے وابستہ رہے تاہم، امروز نے مصوری کی دنیا میں نام کمایا ، ان کی مصوری کو پاکستان اور ہندوستان دونوں ممالک کے لوگوں کی جانب سے سراہا گیا۔
امریتا کی زندگی کا حصہ بننے سے پہلے ہی امروز ان کے خوابوں میں رہتے تھے، وہ اپنی سوانح عمری ’’ رسیدی ٹکٹ ‘‘ میں قارئین کو بتاتی ہیں کہ تقریباً 20 سال سے انہوں نے اپنے خوابوں میں ایک آدمی کا خاکہ دیکھا، وہ شخص جو ہاتھ میں پینٹ برش لیے کھڑکی کے پاس بیٹھا تھا، اگرچہ وہ اس شخص کا چہرہ نہیں دیکھ سکتی تھی لیکن یہ خواب انہیں امروز سے ملنے کے بعد ستانا چھوڑ گیا۔