سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیاہے جس پر وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے رد عمل جاری کردیاہے ۔
شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو نے سائفر کیس میں اپنے والد کی ضمانت کو پاکستان کی جیت قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہربانو قریشی نے کہا کہ ان کے والد نے ایک سیاسی مقدمے میں چار ماہ قید بھگتی، وہ جیل سے باہر آکر نہ صرف خود الیکشن لڑیں گے بلکہ تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد کو ضمانت ملنا پاکستان کی جیت ہے، آج ثابت ہوگیا کہ سائفر کیس کے کوئی بنیاد نہیں تھی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی 10 ، 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کر دیا ۔
جمعہ کے روز سپریم کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔