جنوبی افریقہ کے سابق کپتان ڈین ایلگر نے بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے مطابق جمعہ کو کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا کہ ایلگر ہندوستان کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر اپنے بین الاقوامی کیریئر کو خیر آباد کہہ دیں گے۔
اس حوالےسے الیگر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرکٹ کھیلنا ہمیشہ میرا خواب رہا ہے لیکن اپنے ملک کی نمائندگی کرنے سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوسکتا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 12 سال تک انٹرنیشنل لیول پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے، یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا جو مجھے نصیب ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ ’’ تمام اچھی چیزیں ختم ہوجاتی ہیں ‘‘ ویسے ہندوستانی ہوم سیریز میری آخری ہوگی کیونکہ میں نے اپنے خوبصورت کھیل سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ایک ایسا کھیل جس نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میرا آخری میچ ہوگا، دنیا میں میرا پسندیدہ اسٹیڈیم اور وہ جگہ جہاں میں نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ رن بنایا تھا اور امید ہے کہ میرا آخری رن بھی وہی بنے گا۔