پاک فوج "علم سب کےلئے" مہم کے تحت تعلیم کی روشنیاں بکھیرنے کے سفر پر گامزن ہے۔ مہم کے تحت جنوبی وزیرستان کے دور دراز علاقوں سے ناخواندگی کے اندھیروں کو ختم کرنے کے لیے مہم زور و شور سے جاری ہے۔
پاک فوج اور خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون سے 2015 سے غیر فعال گورنمنٹ پرائمری اسکول، مدی جان میں تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں بچے داخلہ لے رہے ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کتابیں اور اسٹیشنری بھی تقسیم کی گئی۔ اہل علاقہ کہتے ہیں اس سے نہ صرف مجموعی شرح خواندگی بڑھے گی بلکہ ضم شدہ اضلاع کے نوجوان ملکی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔
قبل ازیں جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے تعاون سے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کو تعمیر نو اور بحالی کے بعد فعال کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ قیام امن کے بعد علاقے میں موجود سکولوں کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے پاک فوج نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں۔