بھارتی فلم انڈسٹری کی لجینڈری اداکارہ اور کاجول کی والدہ تنوجا کو طبیعت خراب ہونے کے باعث انتہائی نگہداشت یونٹ ( آئی سی یو ) میں داخل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 80 سالہ اداکارہ تنوجا کو اتوار کی شام طبعیت خراب ہونے کے باعث جوہو کے ہسپتال لے جایا گیا اور وہ اب آئی سی یو میں داخل ہیں، تاہم ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہو رہی ہے اور انہیں چند دنوں میں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
تنوجا 1960 اور 1970 کی دہائیوں کی ایک مقبول اداکارہ ہیں جنہوں نے کئی ہندی اور بنگالی فلموں میں کام کیا جن میں ’’ بہاریں پھر بھی آئیں گی ‘‘، ’’ میری جیون ساتھی ‘‘ اور ’’ جینے کی راہ ‘‘ شامل ہیں۔
انہوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ 1950 میں ہماری بیٹی سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا جو ان کی والدہ اور تجربہ کار اسٹار شوبھنا سمرتھ کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم تھی۔
خیال رہے کہ تنوجا نے ٹی وی شوز ارمب اور جنون میں بھی اداکاری کی ہے اور وہ اداکارہ کاجول اور تنیشا مکھرجی کی والدہ بھی ہیں۔
یاد رہے کہ تنوجا کو آخری بار ایمازون پرائم ویڈیو کے 2022 انتھولوجی ماڈرن لو: ممبئی میں دیکھا گیا تھا۔