پاکستان کی معروف لوک اور پلے بیک گلوکارہ شازیہ منظور نے سوشل میڈیا پر مقبول شخصیت چاہت فتح علی خان سے متعلق ایک دلچسپ تبصرہ کرکے حاضرین اور میزبان کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں دورانِ گفتگو شازیہ منظور سے سوال کیا گیا کہ اگر انہیں چاہت فتح علی خان کے ساتھ ڈوئیٹ گانا گانے کی پیشکش ہو تو ان کا ردعمل کیا ہوگا؟ اس سوال پر گلوکارہ پہلے مسکرائیں اور پھر مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ خود بھی اس سوال پر پریشان ہو گئی ہیں اور سمجھ نہیں پا رہیں کہ اس کا کیا جواب دیا جائے۔
شازیہ منظور نے ہاتھ جوڑتے ہوئے ہنستے ہنستے کہا کہ انہیں معاف کر دیا جائے، جبکہ مزید مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ شاید چاہت فتح علی خان کو ہی سب لوگوں کو معاف کر دینا چاہیے۔
ان کی حاضر جوابی پر پروگرام میں موجود شرکا اور میزبان زوردار قہقہے لگانے پر مجبور ہو گئے ۔ گفتگو کے دوران میزبان نے شازیہ منظور سے یہ بھی پوچھا کہ کیا وہ کبھی ذاتی طور پر چاہت فتح علی خان سے ملی ہیں؟ جس پر انہوں نے فوراً جواب دیا، ’’اللہ معاف کرے‘‘، اور واضح کیا کہ ان کی کبھی ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔
تاہم شازیہ منظور نے اعتراف کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر چاہت فتح علی خان کی ویڈیوز دیکھتی رہتی ہیں اور اکثر ان کی پوسٹس پر تبصرے بھی کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ شازیہ منظور پاکستان کی معروف گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور کئی دہائیوں سے اپنی منفرد آواز اور یادگار گیتوں کے ذریعے موسیقی کے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائے ہوئے ہیں۔





















