پاکستان کے معروف ادکار عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ اشفاق کرن نے لب کشائی کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات کی بارش کر دی ہے اور دعویٰ کیا کہ 5 سال کے دوران انہیں کسی عوامی تقریب میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں تھی، میں عمران اشرف کو بہت پہلے چھوڑ دیتی لیکن امی نے کہا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے برداشت کرو، دوسری شادی کا ارادہ نہیں تھا۔
تفصیلات کے مطابق کرن اشفاق نےحال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے سابق شوہر اوراداکار عمران اشر ف کے ساتھ ہونے والی اپنی پہلی شادی اور پھر ٹوٹنے کی وجوہات پہلی مرتبہ بیان کر دی ہیں ۔انہوں نے عمران اشرف کا نام لیے بغیر ان سے شادی کے دوران ہونے والے مسائل پر بات کی۔اداکارہ نے کہا کہ ان 5 سالوں کے دوران عمران اشرف نے انہیں سپورٹ نہیں کیا، اس کے علاوہ بھی کئی مسائل چل رہے تھے جو میں اپنی والدہ سے شئیر کرتی تھی۔امی میرے مسائل ابو کو نہیں بتاتی تھیں، لیکن جس دن میری طلاق ہوئی اس کے اگلے 5 روز تک ابو ملائیشیا کے ہسپتال میں داخل تھے، میری ہمت نہیں تھی کہ اپنے مسائل کے بارے میں دونوں بھائیوں سے بات کرسکوں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں جانا چاہتیں کیونکہ پھر لوگ کہتے ہیں کہ میں اتنے سال چپ رہی پہلے ہی چھوڑ دیتی۔ کرن اشفاق نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے میری والدہ نہیں چھوڑنے دیتی تھیں، امی کہتی تھیں کہ کچھ بھی ہوجائے برداشت کرو، گھر بسانا ہے، دو بڑی بہنیں بھی ہیں۔انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ جب طلاق ہوتی ہے تو صرف لڑکی کی طلاق نہیں ہوتی، مجھے لگتا ہے جب مجھے طلاق ہوئی تو اس کے ساتھ میرے دونوں بھائیوں کو طلاق ملی، دونوں بہنوں، امی اور ابو کو بھی طلاق ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری بہنیں شادی شدہ تھیں، میری طلاق کے بعد ان کے سسرال والوں نے بھی باتیں کیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ عمران اشرف سے شادی کے وقت امی کہتی تھیں برداشت کرو کیونکہ جب میری طلاق ہوگی تو یہ خبر دو خاندانوں تک نہیں بلکہ نیشنل نیوز بن جائے گی اور ایسا ہی ہوا۔کرن اشفاق نے الزام لگایا کہ پہلی شادی کے 5 سال کے دوران کسی بھی شادی اور سالگرہ کی تقریب یا انٹرویوز میں جانے سے منع کردیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میری طلاق اکتوبر میں نہیں بلکہ زبانی طور پر بہت پہلے ہوچکی تھی، اکتوبر میں صرف طلاق کے کاغذات مکمل کرنے تھے، اداکارہ نے بتایا کہ میری طلاق فیملی کورٹ کے ذریعے ہوئی تھی، عمران اشرف نے خود مجھے طلاق دی تھی، میں خلا کے حق میں نہیں تھی کیونکہ والدہ نے کہا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے برداشت کرو، اس لیے میری عدت نہیں بنتی تھی، زیادہ کھل کر نہیں بولنا چاہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ میری طلاق اگست کے آخر میں ہوئی تھی اور اکتوبر میں سوشل میڈیا پر اسٹیٹس لگا دیا تھا کہ ہم دونوں کی علیحدگی ہوچکی ہے۔
کرن اشفاق نے 4 دسمبر کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کی تھی۔اس سے قبل کرن اشفاق نے 2018 میں اداکار عمران اشرف سے شادی کی تھی، ان کے ہاں 2020 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان نومبر 2022 میں طلاق ہوگئی تھی۔دونوں نے سوشل میڈیا پر طلاق کی تصدیق کی تھی لیکن طلاق کی وجہ نہیں بتائی تھی اور بعد ازاں بھی دونوں نے کبھی اپنی شادی ختم ہونے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔