آسٹریلیا نے میلبورن میں پاکستان کے خلاف دوسرے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے اپنے 13 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ باؤلر لانس مورس آسٹریلیا میں ڈومیسٹک ٹی 20 فرائض میں واپسی کے لیے اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں اور امکان ہے کہ آسٹریلیا اسی الیون کے ساتھ رہے گا جس نے پرتھ میں فتح حاصل کی تھی۔
آسٹریلوی کپتان کمنز کا خیال ہے کہ پرتھ میں ایسی شاندار کارکردگی پیش کرنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی کرنا مشکل ہوگا۔
کمنز نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں کھیلنے والی الیون کے بارے میں کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ انجریز کوئی مسئلہ ہوں گی، میرے خیال میں پرتھ ٹیسٹ میں حصہ لینے والے تمام باؤلرز فریش ہیں۔
سٹار بیٹر مارنس لیبوشگین کو پاکستان کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ کے دوران انگلی میں چوٹ لگی تھی تاہم، میڈیکل چیک اپ کے بعد انہیں کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ وہ میلبورن میں ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھیں گے۔
آسٹریلوی سکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، سکاٹ بولانڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، مارنس لیبوشگین ، نیتھن لیون، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کینگروز نے پاکستان کے خلاف 360 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں ایک ، صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہوگا۔