سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت ہونے کا تحریری حکم جاری کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سینئر سول جج قدرت اللہ نے مبینہ غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت ہونے کا تحریری حکم جاری کیا ہے جس میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ ٹرائل کے آغاز کیلئے مناسب گراؤنڈز ہیں۔
تحریری حکم کے مطابق ریکارڈ کے مطابق بشریٰ بی بی کے سابق شوہر نے شکایت درج کرائی، خاور مانیکا کی شکایت سماعت کیلئے منظور کی جاتی ہے اور اس پر سماعت کا باقاعدہ آغاز چودہ دسمبر کو کیا جائے گا۔
عدالت کے مطابق الزام لگایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی سے پیری مریدی کے چکر میں رابطہ کیا، خاور مانیکا کے مطابق دونوں نے عدت گزرنے سے پہلے ہی نکاح کرلیا، گواہان مفتی سعید،عون چوہدری اور محمد لطیف کے بیانات الزامات کو سپورٹ کرتے ہیں۔
حکمنامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، ان سے الیکٹرانک ذرائع سے رابطہ ہوگا ، جبکہ بشریٰ بی بی کو ذاتی حیثیت میں چودہ دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔