مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپنے استقبال کی ذمہ داری رانا ثنا اللہ خان کو دیدی جبکہ کارکنوں کی موبلائزیشن کیلئے مریم نواز کو نامزد کیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے اکتوبر میں وطن واپسی کا اعلان کر رکھا ہے۔
نواز شریف نے لندن سمیت بیرون ملک تمام پارٹی رہنماؤں کو ایک ہفتے میں ملک واپس پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔
مسلم لیگ نون کے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے وطن واپسی کے انتظامات کیلئے روزانہ کی بنیاد پر پارٹی موبلائزیشن کی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ شہباز شریف سمیت تمام رہنماؤں کو اپنے حلقوں میں کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے وطن پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
رانا ثناء اللہ خان نے پنجاب بھر کے عہدیداروں کو پیر کو لاہور طلب کرلیا ہے جہاں 500 سے زائد سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوگا، جس میں نواز شریف ویڈیو لنک سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز بھی عہدیداروں سے خطاب کریں گے، اس موقع پر نون لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز اور سینیٹرز و مخصوص نشستوں کی خواتین کو ٹاسک دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم پارٹی قائد نواز شریف چلائیں گے۔