آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین مسرور خان نے آنے والے دنوں میں ملک میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہرکردیا ہے۔
لاہور میں چیئرمین اوگرا مسرور خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں گیس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور پاکستان میں بھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔ تقریب میں موجود تمام اسٹیک ہولڈرز نے اپنے تحفظات چیئرمین اوگرا کو پیش کیے۔
مسرور خان نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے باضابطہ طور پر گیس ٹیرف میں 131 فیصد اضافی اضافے کی تجویز پیش کی ہے جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوا تھا۔
اوگرا کے چیئرمین نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے نقطہ نظر پر غور کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگلی سماعت پشاور میں ہوگی۔ سفارشات حکومت کو مزید کارروائی کے لیے پیش کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں کسی بھی تبدیلی کا حتمی فیصلہ حکومت کرتی ہے اوگرا کے لیے صارفین کے مفادات اولین ترجیح ہیں۔
اوگرا کے چیئرمین نے شہریوں پر پڑنے والے معاشی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس کی فراہمی کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے ان چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔