نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورہ امریکہ کو اہم قرار دیدیا ، کہا کہ افغان عبوری حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے وعدے پورے نہیں کئے۔
رپورٹس کے مطابق کوئٹہ میں نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نےنیوز کانفرنس میںکہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ امریکہ اہمیت کا حامل ہے،آرمی چیف نے کمان سنبھال کر فوج کو مضبوط کیا ، جی سی سی ممالک اور کویت کے ساتھ معاشی تعلقات طویل عرصے بعد بہتر ہوئے ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ افغان عبوری حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے وعدے پورے نہیں کئے،پاکستان میں صرف باڑ سے دہشت گردی ختم نہیں ہو گی لوکل سپورٹ بھی ختم کرنا ہو گی۔
نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی ایک دہشت گردکی ہلاکت پر کیوں سر گرم ہے ، بے گناہ مزدوروں اساتذہ کے قتل اور تنصیبات کو نقصان پہنچانے پر آواز کیوں نہیں اٹھائی ایسی ہمدردی کو دہشت گردوں کی سہولت کاری سمجھا جائے گا ۔