وفاقی حکومت نے حج درخواستوں کی وصولی کیلئے 10 روز کی توسیع کا فیصلہ کرلیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ بڑھا رہے ہیں۔ کہا ریگولر اور اسپانسر دونوں اسکمیوں کی مدت بڑھا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ گزشتہ برس کی نسبت سستے پیکج کے باوجود کم درخواستیں آنے کی وجہ لوگوں کی استطاعت میں کمی ہے۔
اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے حکام نے بتایا کہ حج اخراجات میں 1 لاکھ روپے کی کمی کی جاچکی۔ عبدالغفور حیدری نے کہا عازمین کو مزید ریلیف کی کوششیں جاری ہی۔ نگران وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے ذیلی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور نے غزہ میں مظالم رکوانے کیلئے متفقہ قرار داد بھی منظور کر لی۔ چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری کہتے ہیں اسرائیل اور اس کا ساتھ دینے والوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا ضروری ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے اسرائیل اور اس کے حامیوں کو عالمی عدالت انصاف سے سزا دلانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔