کشمور میں مغویوں کی بازیابی کیلئے دھرنا پانچویں رووز بھی جاری ہے، مذاکرات ناکام ہونے پر پولیس کی جانب سے دھرنا ختم کرانے کی کوشش پر تصادم کے نتجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔
کشمور میں ڈاکوؤں کی جانب سے اغواء کئے گئے افراد کی بازیابی کیلئے دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے، آج شام مذاکرات ناکام ہونے پر پولیس کی جانب سے دھرنا ختم کرانے کی کوشش کی گئی، جس پر پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں مظاہرین اور اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی کشمور کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے مظاہرین سے مذاکرات کئے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور دھرنا ختم کرانے کی کوشش کی، پولیس کے اقدام سے مظاہرین بھی مشتعل ہوگئے۔
مظاہرین اور پولیس میں دھرنا کے مقام پر وقفے وقفے سے متعدد جھڑپیں ہوئیں، پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج سے کئی مظاہرین زخمی ہوگئے، مظاہرین کی پیش قدمی کے بعد پولیس پیچھے ہٹ گئی۔
مظاہرین نے آخری مغوی کی بازیابی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا جبکہ پولیس رویے کیخلاف مختلف شہروں میں سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔