سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف اپیل پر بینچ تشکیل دے دیا گیا۔جسٹس طارق مسعود کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ 13 دسمبر کو سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل سے متعلق سپریم کورٹ فیصلے کیخلاف حکومت کی اپیل پر سماعت کےلیے 6 رکنی لارجر بینچ تشیکل دیدیا گیا۔
جسٹس طارق مسعود کی سربراہی میں بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس محمد علی مظہر بینچ میں شامل ہیں۔ جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت بھی لارجر بینچ کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں میں ملوث ہونے پر گرفتار عام شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کالعدم قرار دے دیا تھا۔