ورلڈکپ کی فاتح ٹیم آسٹریلیا کے اہم ترین کھلاڑی ویوڈ وارنر کو سابق باولر مچل جانسن کی جانب سے ایک آرٹیکل میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن انہوں فوری تو کوئی رد عمل نہیں دیا لیکن اب کھلاڑی نے زور دار جواب دیتے ہوئے سب کو خاموش کروا دیا ہے ۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایک کالم میں مچل جانسن نے ڈیوڈ وارنر پر کڑی تنقید کی تھی اور ان کے خود ریٹائر ہونے کے فیصلے پر سوالات اٹھائے تھے۔سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے سکینڈل میں پھنسنے والے اور مشکلات کا شکار اوپنر ڈیوڈ وارنر کو کیوں ان کی خواہش کے مطابق فیئر ویل دیا جا رہا ہے۔
اس کالم کے بعد مچل جانسن کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور سابق فاسٹ باؤلر کو اپنے کالم کی بھاری قیمت بھی چکانا پڑی اور انہیں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیریز کے لیے ٹرپل ایم کے کمنٹری پینل سے بھی نکال دیا گیا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہونے جا رہا ہے۔
مچل جانسن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے ایک انٹرویو کے دوران جلتی پر تیل ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سابق ساتھی اپنی رائے کا حق رکھتے ہیں، ہر کسی کو اپنی رائے کا حق ہے ہمیں اب آگے بڑھنا ہے، یہ سیزن ہیڈلائن کے بغیر نہیں ہو گا، ہم پرتھ میں سیزن کے پہلے ٹیسٹ میچ کے منتظر ہیں۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بھی اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہم ایک دوسرے کا بہت خیال رکھتے ہیں، ہم سالہا سال سے اکٹھے کھیل رہے ہیں، ڈیوڈ وارنر اور آسٹیو اسمتھ کے ساتھ کھیلتے ہوئے 12 برس ہو گئے ہیں۔
پیٹ کمنز کا کہنا تھا ہم ایک دوسرے کی سخت حفاظت کرنے والے ہیں، ہم کامیاب سیزن کے لیے پر امید ہیں اور ہمارے پاس بہت مثبت چیزیں ہیں جن پر ہم فوکس کر سکتے ہیں۔