گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران ہی شوگر ملز مالکان نے چینی کی قیمت میں اضافے کے لیے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان شوگرملزایسوسی ایشن پنجاب زون نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شوگر انڈسٹری کو نقصان سے بچانے کے لیے حکومت تعاون کرے، شوگر انڈسٹری گزشتہ کئی سال سے شدید بحران کا شکار ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ کرشنگ سیزن میں شوگر ملز بند کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ چینی کی موجودہ قیمت پیداواری لاگت سے بھی کم ہے۔ چینی کی برآمدات اور بین الصوبائی نقل و حرکت بھی کاروبار کے لیے نقصان دہ ہے۔ اضافی چینی برآمد کرنے یا حکومتی خریداری کے لیے بھی تعاون نہیں کیا گیا۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گنے کی قیمت میں پنجاب میں تینتیس فیصد اور سندھ میں اکتالیس فیصد اضافہ ہوا۔ پیداواری لاگت سے کم قیمت پر چینی کی فروخت سےبھاری نقصانات کاسامنا ہے۔