امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس کی یونیورسٹی میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں تین افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز یونیورسٹی آف نیواڈا کے کیمپس میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مشکوک حملہ آور نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
سی این این نے قانونی حکام کے ذرائع سے دعویٰ کیا کہ واقعے میں ملوث شخص ایک 67 سالہ پروفیسر ہے جو جارجیا اور شمالی کیرولائنا کے کالجز سے تعلق رکھتا ہے تاہم، یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ اس کا نیواڈا یونیورسٹی سے کیا تعلق ہے۔
بدھ کی شام ایک نیوز کانفرنس میں لاس ویگاس میٹرو کے شیرف کیون میک مہل نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو جوابی فائرنگ میں مار دیا گیا ہے لیکن اس کی شناخت اس وقت تک جاری نہیں کی جائے گی جب تک اس کے اہل خانہ کو مطلع نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا وہ ایک گھناؤنا اور ناقابل معافی جرم ہے، اگر پولیس افسر بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو جوابی کارروائی میں نہ مارتا تو بے شمار جانیں جا سکتی تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور حملہ آور کی جانب سے جو اسلحہ استعمال کیا گیا اس بارے ابھی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔