ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں اہم میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی ون ڈے رینکنگ میں بھی تنزلی ہوگئی۔
یاد رہے کہ جمعرات کو کھیلے جانے والے ایشیا کپ کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا تھا جبکہ قومی ٹیم کا ایونٹ میں سفر تمام ہوگیا۔
سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا اثر قومی ٹیم کی ون ڈے رینکنگ پر بھی پڑا اور نئی رینکنگ میں قومی ٹیم دو درجے تنزلی کے بعد پہلے سے تیسرے نمبر پر چلی گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کر کے رینکنگ میں بادشاہت قائم کی تھی۔
آئی سی سی کے مطابق آسٹریلوی ٹیم پاکستان سے نمبر ون پوزیشن چھین کر رینکنگ میں سر فہرست آگئی ہے جبکہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ میں اپنی بتہرین کارکردگی کی بدولت دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کے پاس ایشیا کپ کے اپنے باقی دو میچز جیت کر رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ہے۔
رینکنگ کے مطابق انگلش ٹیم چوتھے، کیویز پانچویں، جنوبی افریقا چھٹے، سری لنکا ساتویں، بنگلہ دیش آٹھویں، افغانستان نویں اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہیں۔