اسپیکر بلوچستان اسمبلی نےآئے روز کی ہڑتالوں ،تالا بندی پر اسمبلی کے افسران اور ملازمین کی تنظیموں پر پاپندی عائد کردی ۔
بلوچستان اسمبلی کے سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق عرصہ سے حکام بالا کے مشاہدہ میں آیا ہے کہ اسمبلی افیسرز اور اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران اسمبلی ملازمین کے مفادات کے بجائے حکومت بلوچستان اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے مروجہ قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آئے روز معمولی باتوں پر روڈ بلاک کرتے ہیں،دفاتر میں تالہ بندی کرتے ہیں اور اجلاسوں کے دوران اسمبلی کے داخلی اور خارجی دروازوں کو تالا لگاتے ہیں اور جو افسران اور اہلکار ہڑتال میں حصہ نہیں لیتے انہیں خوفزدہ کرکے زبردستی دفاتر سے باہر نکالا جاتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ان کی اس روش سے نہ صرف اسمبلی اراکین کو سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہمہ وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کا اندیشہ رہتا ہے ۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی افسر اور اہلکار ویلفیر ایسوسی ایشنز کی کسی بھی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بیڈا ایکٹ 2011 اور بلوچستان گورنمنٹ سرونٹس کنڈکٹ رولز 1979 جت تحت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو سرکاری ملازمت سے برطرفی پر منتج ہوسکتی ہے ۔