وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اُمید ہے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت معاہدے کی شکل اختیار کرے گی، دوست وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں ہاتھ تھامے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان اور ایران یک جان دوقالب ہیں،دونوں ممالک مشترکہ مستقبل اور منزل کے شراکت دارہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دوست وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں ہاتھ تھامے،مسعود پزشکیان اور اُن کے وفد کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہوئی، مسعود پزشکیان عظیم ملک کے عظیم رہنما ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بطور ڈاکٹر ایرانی صدر کی انسانیت کیلئے بھی بہت خدمات ہیں،بہت خوشی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کا خاتمہ ہوا،بطور ثالث پاکستان نے امن عمل کیلئے خلوص نیت سے کاوشیں کیں،برگن اسٹاک میں تکنیکی مذاکرات بھی بہت اہمیت کے حامل رہے۔
انہوں نے کہا کہ اُمید ہے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت معاہدے کی شکل اختیار کرے گی،اُمید ہے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی،ایرانی سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای کی دوراندیش قیادت کوبھی سراہتاہوں، بحران کے دوران ایران کے عوام نےمثالی جرات اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، جنگ میں ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت بھی بڑانقصان ہے،ایران کی کامیابی کو اپنی کامیابی اور نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہیں،مشکل وقت میں ایرانی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتےہیں، ثالثی عمل میں پاکستان پر اعتماد کے اظہار پر ایرانی قیادت کے مشکور ہیں، امن عمل میں امیر قطر اور سعودی ولی عہد کی حمایت پر بھی مشکور ہوں۔
ان کا کہناتھا کہ ترکیہ اور مصر کے صدور کی حمایت پر بھی مشکورہوں،مذاکراتی عمل میں فیلڈمارشل عاصم منیر کی محنت اور لگن قابل ستائش ہے،اسحاق ڈار اور محسن نقوی نے بھی شاندار خدمات انجام دیں، پاکستان اورایران نےہرمشکل میں ایک دوسرےکاساتھ دیاہے۔
وزیراعظم نے اپنی گفتگو کا اختتام پاکستان،ایران دوستی زندہ باد پر کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کا آغاز مفکر پاکستان علامہ اقبال کے شعر سے کیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں،پاکستان اور ایران یک جان دوقالب ہیں،دونوں ممالک مشترکہ مستقبل اور منزل کے شراکت دارہیں۔
پاکستان صرف ہمارا ہمسایہ ہی نہیں،بھائی اور عزیز دوست ہے،اسلام آباد،تہران کے تعلقات قریبی اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، اسلام آبادمفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان پر اعتماد کی بدولت ممکن ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ امن،ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے اہم کردار کے معترف ہیں، مذاکراتی عمل میں پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا، ماضی قریب کے واقعات نے دونوں ممالک کے قریبی رشتے کو نئی جہت دی، ماضی قریب میں ہونیوالے واقعات دونوں ممالک کے قریبی رشتے کے عکاس ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور خطےکی صورتحال پر بات ہوئی، صدرمملکت،وزیراعظم اور فیلڈمارشل سے ملاقاتیں ہوئیں، دورہ پاکستان کیلئے دعوت دینے پر اپنے بھائی شہباز شریف کا مشکور ہوں، شاندار استقبال اور بھرپور میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا مشکور ہوں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امن عمل کیلئے مصر کی قیادت اور دوست ممالک کے بھی شکر گزارہیں، امن عمل کیلئے قطر،ترکیہ،سعودی عرب کی قیادت کے مشکور ہیں، خطےمیں امن و پائیدار ترقی علاقائی روابط کے فروغ اور تعمیری گفتگو سے ممکن ہے، چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے خوشحال مشترکہ مستقبل کیلئے آگے بڑھنا ہے۔
ایران کا میزائل پروگرام کبھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنا: شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے وفود کی سطح پر ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان ہمیشہ کیلئے بھائی بھائی بن گئے ہیں، دنیا بھر میں اس پیس ڈیل کو سبوتاژ کرنے والے بہت ہیں، ایران کا میزائل پروگرام کبھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنا، ایسا نہیں ہو سکتا دوسروں کے پاس میزائل ہوں اور ایران کے پاس نہ ہوں۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ اپنے بھائی مسعود پزشکیان کو دورہ پاکستان پر دوبارہ خوش آمدید کہتا ہوں، دورہ پاکستان کی میری دعوت قبول کرنےپر ایرانی صدر کا مشکورہوں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد دورے پر بے حدخوشی ہے۔
وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کیلئے وقار اور عزت کیساتھ دستخط کئے، آج ہم روشن مستقبل کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی پر ایران کے اعتماد پر مشکور ہوں، دونوں ممالک کے تعلقات قریبی بھائی چارے کی عمدہ مثال ہیں، پاکستان امن اور خوشحالی کیلئے اہم کردار جاری رکھےگا، ایرانی قیادت،عوام کی دلیری،جذبے،عزم اور ہمت کو دادد یتا ہوں۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ امن مذاکرات کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتھک کوششیں کیں،اللہ تعالیٰ کا فضل ہوا اور ثالثی کی کوششوں کو کامیابی ملی،مشترکہ کوششوں اور عزم سے اس مرحلے پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے، برگن اسٹاک میں تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی اہمیت کے حامل رہے، اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امن کیلئے کوششوں میں تعاون پر دوست ممالک کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،قطر،سعودی عرب،ترکیہ اور مصر کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتاہوں، ہم مل کرمختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان ہمیشہ کیلئے بھائی بھائی بن گئے ہیں، دنیا بھر میں اس پیس ڈیل کو سبوتاژ کرنے والے بہت ہیں، ایران کا میزائل پروگرام کبھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنا، ایسا نہیں ہو سکتا دوسروں کے پاس میزائل ہوں اور ایران کے پاس نہ ہوں۔
مسعود پزشکیان کی آصف زرداری سے ملاقات
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی من و سلامتی، اقتصادی تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان وفد کے ہمراہ ایوان صدر پہنچے جہاں آصف علی زرداری نے معزز مہمان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر خاتون اول آصفہ بھٹو ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ۔
ایران صدر مسعود پزشکیان نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس دوران دوطرفہ تعلقات،علاقائی امن و سلامتی، اقتصادی تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں ایرانی وفد میں وزیر خارجہ ،وزیر داخلہ سمیت دیگر احکام اور ایرانی سفیر رضا امیری بھی موجود تھے ۔صدر زرداری نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کےاچھے اور برے وقت میں ساتھ رہنے کی خواہش کا مظہر ہے۔
صدر زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر صدر پزشکیان کو مبارکباد دی اور کہا کہ امید ہےتکنیکی سطح کے جاری مذاکرات خطے میں مستقل امن کا باعث بنیں گے۔
ایران میں امن واستحکام، قومی یکجہتی، خودمختاری،علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی حمایت کااعادہ کیا ۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان مسلسل یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا آیا ہے، علاقائی وعالمی چیلنجز کے پائیدار اور دیرپا حل کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت کرتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط برادرانہ تعلقات برقرار رکھنے پر زور دیا اور مسلم اُمہ کے اتحاد کے تحفظ کیلئے پاکستان کا عزم دُہرایا۔ صدرآصف زرداری نے ایک بارپھرآیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پرتعزیت کی اور کہا کہ پاکستانی وفد شہید ایرانی سپریم لیڈر کے جنازے اور تدفین میں شرکت کرے گا۔
ایرانی صدر کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا وزیراعظم ہاوس پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف نے استقبال کیا جبکہ اس موقع پر وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سمیت دیگر وزراء بھی موجود تھے ۔
ایرانی صدر نے تمام وزراء سے مصافحہ کیا ، وزیراعظم ہاوس میں ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے۔
مسعود پزشکیان نے وزیراعظم ہاوس میں پودا بھی لگایا ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی جس دوران علاقائی ترقی اور امن کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر نے مذاکرات،کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار ، تنازعات کے حل اور علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان افہام وتفہیم کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔
فیلڈمارشل عاصم منیر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں فریقین نے خطےمیں امن،خوشحالی اور استحکام کیلئے قریبی مشاورت برقرار رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا ۔






















