خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مصروف ترین شاہراہ ورسک روڈ پر نجی اسکول کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے میں 3 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ایل آر ایچ منتقل کردیا گیا
ترجمان ایل آر ایچ کے مطابق زخمی بچوں کی عمریں 7سے 10سال کے درمیان ہیں، دو زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا بارودی مواد پھٹنے سے ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ایس پی ورسک ارشد خان کا کہنا ہے کہ ورسک روڈ پر دھماکا صبح 9:10 بجے ہوا، آئی ای ڈی بلاسٹ تھا،4 کلوگرام بارود استعمال ہوا۔ دھماکے کا ہدف کیا تھا بتانا قبل ازوقت ہوگا۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ورسک روڈ پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ اسپتال انتظامیہ کو زخمی بچوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب قانون نافذ کرنےوالے ادارے نے ورسک روڈ سے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، مشتبہ افرادکو مذید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔