حکومتِ پاکستان نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر حدِ رفتار میں کی گئی عارضی کمی کا فیصلہ واپس لے لیا اور سابقہ حدِ رفتار بحال کر دی گئی۔
موٹر وے پولیس حکام کے مطابق کاروں اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز کے لیے حدِ رفتار دوبارہ ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔ پبلک سروس وہیکلز اور ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز کے لیے بھی رفتار کی حد دوبارہ ایک سو دس کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی۔ ترجمان کے مطابق قومی شاہراہوں پر بھی کار، ایل ٹی وی، پی ایس وی اور ایچ ٹی وی گاڑیوں کے لیے پرانی حد رفتار بحال کر دی گئی۔ نئے فیصلے پر فوری عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔۔ تمام ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دورانِ سفر ٹریفک قوانین اور حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی یقینی بنائیں۔




















