پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین اور فری لانسرز کے لیے فیس بک سے کمائی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے بعد ڈالر کمانے کے امکانات پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان قرار دیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک پر کانٹینٹ مونیٹائزیشن کے لیے پہلے سخت معیار رکھا گیا تھا، جس میں بعض اوقات 10 ہزار فالوورز اور 60 لاکھ منٹس واچ ٹائم جیسی شرائط شامل تھیں۔ تاہم اب بعض اکاؤنٹس اور پیجز کے لیے یہ معیار تبدیل کر دیا گیا ہے۔
نئی اپڈیٹ کے مطابق کچھ صارفین کو مونیٹائزیشن ٹول حاصل کرنے کے لیے 28 دنوں میں 3 لاکھ ویوز کا ہدف دیا جا رہا ہے۔ اس ٹارگٹ کو مکمل کرنے کے بعد متعلقہ پیج یا اکاؤنٹ کو کانٹینٹ مونیٹائزیشن تک رسائی مل سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ شرط پہلے کے مقابلے میں نسبتاً آسان ہے، جس سے نئے کریئیٹرز کے لیے آمدنی کے مواقع بڑھ سکتے ہیں۔ تاہم اس کا اطلاق تمام اکاؤنٹس یا پیجز پر نہیں کیا گیا اور یہ فیچر محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ فیس بک کی جانب سے مونیٹائزیشن کے لیے دیگر پالیسیوں اور کمیونٹی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔




















