بھارتی ریاست تلنگانہ میں انڈین ایئر فورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر حادثے کی تصدیق کی۔
پیغام میں بتایا گیا ہے کہ انڈین ایئر فورس کے مطابق واقعہ پیر کو ریاست تلنگانہ کے میدک ضلع کی حدود میں پیش آیا، طیارے نے حیدرآباد کی ایئر فورس اکیڈمی سے معمول کی تربیتی اڑان بھری تھی، حادثے میں ایک ٹرینر پائلٹ اور ان کا شاگرد ہلاک ہوگئے۔
میڈیا کے مطابق انڈین ایئر فورس کا کہنا ہے کہ حادثے میں کسی سویلین کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ یہ ایک انجن والا ’پلاٹس پی سی 7 ایم کے ٹُو‘ ایئر کرافٹ تھا جو عام طور پر ایئر فورس کے پائلٹس کی بنیادی تربیت کیلئے استعمال ہوتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر فورس نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حادثے میں ہلاک ہونیوالے پائلٹوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دونوں پائلٹ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔