بھارت میں ایک خاتون یوٹیوبر کو سوشل میڈیا پر سونے کے زیورات کی نمائش مہنگی پڑ گئی۔ ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے اگلے ہی دن نامعلوم چور ان کے گھر پہنچ گئے اور لاکھوں روپے مالیت کے زیورات سمیت دیگر قیمتی سامان لے اڑے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپوری سے تعلق رکھنے والی رچنا گجر، جن کے سوشل میڈیا پر تقریباً ایک لاکھ فالوورز ہیں، عموماً سماجی مسائل پر ویڈیوز بناتی ہیں اور اپنا زیادہ تر مواد گھر میں ہی ریکارڈ کرتی ہیں۔
چند روز قبل رچنا گجر نے ایک وی لاگ شیئر کیا جس میں انہوں نے اپنے گھر کے مختلف حصے دکھائے۔ ویڈیو میں وہ سونے کے زیورات پہنے ہوئے بھی نظر آئیں جبکہ مزید زیورات سامنے رکھ کر ان کے بارے میں گفتگو بھی کی۔ ویڈیو کو معمول کے مطابق صارفین کی جانب سے اچھا ردعمل ملا، تاہم اس کے بعد ایک افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔
رپورٹ کے مطابق رات تقریباً دو بجے چند نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے، اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کیا اور تلاش کے بعد وہی زیورات چرا کر لے گئے جو ویڈیو میں دکھائے گئے تھے۔ خاتون یوٹیوبر کے مطابق ملزمان تقریباً 10 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات کے علاوہ دیگر قیمتی سامان اور انرجی ڈرنکس کا ایک کارٹن بھی ساتھ لے گئے۔
رچنا گجر کا کہنا ہے کہ گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے، تاہم ملزمان نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے اور کیمروں کا رخ بھی موڑ دیا تھا، جس کے باعث ان کی شناخت ممکن نہ ہو سکی۔ واقعے کے بعد انہوں نے نوار پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔





















