جاپان کے شہر اتسونومیا میں ایک خطرناک ریچھ کی موجودگی نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ شہر کے درجنوں اسکول بند کر دیے گئے ہیں جبکہ شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق تقریباً 5 لاکھ آبادی پر مشتمل اتسونومیا شہر، جو ٹوکیو سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال میں واقع ہے، ہفتے کی شام اس وقت خوف کی لپیٹ میں آیا جب ایک رہائشی علاقے کے قریب واقع پارک میں پہلی بار ریچھ کو دیکھا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریچھ کی کھلے عام موجودگی اور سیکیورٹی کیمروں میں اس کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد شہر کے 94 پرائمری اور جونیئر ہائی اسکول فوری طور پر بند کر دیے گئے۔ حکام نے طلبہ اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وائرل ویڈیوز میں ایک بڑے ریچھ کو شہر کی گلیوں میں بے خوفی سے گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بعض مناظر میں ریچھ سامنے آنے والے افراد کی جانب بڑھتا اور حملے کی کوشش کرتا بھی دکھائی دیتا ہے، جس سے شہریوں میں خوف مزید بڑھ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریچھ گزشتہ تین روز سے شہر کی مصروف سڑکوں، شاپنگ ایریاز اور صنعتی علاقوں کے اطراف مسلسل دیکھا جا رہا ہے، تاہم مقامی انتظامیہ تاحال اسے قابو کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، جس کے باعث صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں جاپان کے شہری علاقوں میں ریچھوں کے داخل ہونے اور انسانوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی تناظر میں جاپانی حکومت نے رواں سال ایک خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کی ہے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔




















