ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ( ڈی پی سی) نے مائیکروفنانس بینکوں کے صارفین کے ڈپازٹس کو تحفظ فراہم کرنے کی تجویز دی ہے، جو کسی بھی منفی مالیاتی دھچکے کی صورت میں غیر محفوظ ہیں۔
ڈی پی سی جو کہ اسٹیٹ بینک کا ذیلی ادارہ ہے، نے شیڈول بینکوں کے صارفین کو 5 لاکھ تک کے ڈپازٹس پر مکمل تحفظ کی گارنٹی دے رکھی ہے۔
واضح رہے کہ 73 ملین اکاؤنٹ ہولڈرز میں سے 94 فیصد کے ڈپازٹس 5 لاکھ یا اس سے کم ہیں، شیڈول بینکوں میں تجارتی، کنوینشنل اور شریعہ بینکس شامل ہیں جبکہ مائیکرو فنانس بینکس اس میں شامل نہیں ہیں۔
اپنی سالانہ رپورٹ برائے 2022-23 میں ڈی پی سی نے بتایا کہ 11 مائیکرو فنانس بینکس 98.2 اکاؤنٹ ہولڈرز کے ساتھ 520 ارب روپے کا سرمایہ فراہم کر رہے ہیں، ڈی پی سی نے تجویز دی ہے کہ ڈی پی سی کے دائرہ کار میں اضافہ کرکے مائیکرو فنانس بینکوں کو کوریج فراہم کی جاسکتی ہے، جس سے لاکھوں افراد کے سرمایہ کو تحفظ ملے گا۔