ایرانی جوائنٹ ائیر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی رضا الہامی کا کہنا ہے کہ دشمن کے ڈرون بحری بیڑے کو تباہ کر کے ان کی فضائی برتری ختم کردی۔
کمانڈر علی رضا الہامی نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی فوج نے جوابی کارروائی میں دشمن کو غیر معمولی نقصان پہنچایا، ایران کی جنگی صلاحیت پہلے سے زیادہ ہے، دشمن اب اپنے ڈرونز کی تباہی کا اعتراف کررہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران نے رات بھر ایک دوسرے کے فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔ ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا، امریکی حملے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا۔ جواب میں امریکی، اسرائیلی جہاز پر بحری میزائلوں سےحملہ کیا گیا۔
امریکی افواج نے جزیرہ قشم میں آئی آرجی سی کے مواصلاتی ٹاور کو نشانہ بنایا، جواب میں ایران نے ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر،ہیلی کاپٹرز کو نشانہ بنایا۔ امریکی سینٹ کام کی جانب سے بحرین میں ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر پر حملے کی تردید کی گئی ہے۔




















