امریکا اور ایران نے رات بھر ایک دوسرے کے فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔
ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا، امریکی حملے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا۔ جواب میں امریکی، اسرائیلی جہاز پر بحری میزائلوں سےحملہ کیا گیا۔
امریکی افواج نے جزیرہ قشم میں آئی آرجی سی کے مواصلاتی ٹاور کو نشانہ بنایا، جواب میں ایران نے ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر،ہیلی کاپٹرز کو نشانہ بنایا۔
امریکی سینٹ کام کی جانب سے بحرین میں ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر پر حملے کی تردید کی گئی ہے، امریکی سینٹ کام کے مطابق ایرانی میزائل اور ڈرونز ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے، کویت پر داغے گئے2 میزائل راستے میں گر گئے۔ بحرین میں امریکی ہیڈکوارٹر، فضائی اڈے پر حملے کی خبردرست نہیں۔
امریکی سینٹ کام کے مطابق امریکی افواج نے قشم جزیرے پرایرانی فوج کےزمینی کنٹرول اسٹیشن کونشانہ بنایا، ایران کی جانب سےبحری جہازوں کی سمت بھیجے گئے3ڈرونز کو مار گرایا، بحرین کی جانب داغے گئے 3 میزائل امریکی،بحرینی افواج نے راستے میں تباہ کردیے۔
سینٹ کام کے مطابق ایران نے پڑوسی ممالک کی جانب بیلسٹک میزائل داغےلیکن وہ ناکام رہے، ایرانی حملوں کی کوشش کے جواب میں امریکی افواج نے قشم جزیرے پر کارروائیاں کیں۔ منگل کے روز امریکی افواج نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں،ڈرونز کو ناکام بنایا۔




















