کراچی میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف مختلف مقدمات میں عدالتوں نے اہم فیصلے سنا دیے۔
قتل کیس میں عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 2 روز کی توسیع کرتے ہوئے تفتیش جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ اس سے قبل سیشن کورٹ نے ملزمہ کو 15 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔
دوسری جانب منشیات کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل نے ایک مقدمے میں ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
عدالت نے ضلع سینٹرل کے مقدمے میں انمول عرف پنکی کا جسمانی ریمانڈ 22 مئی تک منظور کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ اور دیگر گرفتار افراد کو سچل تھانے کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جیل بھیجا جا چکا ہے، جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کو 12 مختلف مقدمات میں ریمانڈ سے متعلق فیصلے کرنا ہیں۔
تحقیقاتی اداروں کے مطابق ملزمہ کے خلاف منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور قتل سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات کی تفتیش جاری ہے۔





















