وزیراعظم شہبازشریف کا پُرامن باہمی طرز زندگی کےعالمی دن پر پیغام میں کہاکہ یہ دن پُرامن ،ہم آہنگ اورمتحدمعاشرے کی اہمیت اجاگرکرتا ہے،پرامن سماجی ماحول کی تشکیل قومی وراثت اور آئینی ذمہ داری ہے۔
خصوصی پیغام میں شہبازشریف کاکہناتھا بابائےقوم قائداعظم محمدعلی جناح نےقومی ترجیحات کی نشاندہی کرتے ہوئےکہا تھا ہم قومی اور بین الاقوامی معاملات میں دیانت داری اور انصاف پر یقین رکھتے ہیں،یہی اصول قابل فخرقومی شناخت اورمتحد معاشرے کیلئےہماری جدوجہد کی بنیاد ہے،حکومت روادار اورمتحد معاشرے کے قیام میں عملی اقدامات کے لئے پُرعزم ہے ۔
شہبازشریف نےمزیدکہا بنیادی حقوق آگاہی پروگرام کےذریعےرواداری،اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں،نوجوانوں،مذہبی رہنماؤں اورسول سوسائٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ برداشت اور رواداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں،آئیے!ملکر ایسےپاکستان کی تعمیر کریں جہاں خوشحال اور ہم آہنگ مستقبل یقینی ہو ۔





















