معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ پر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں شاندار آتش بازی اور میوزک کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا۔ پنڈی اسٹیڈیم پاک فوج کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ دنیا میں آج تک ایسی بہادری سے جنگ نہیں لڑی گئی، جہاں قوم نے اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کو عبرت ناک شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے دشمن کے خلاف ہمیں اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد حاصل تھی، جس کے نتیجے میں دشمن کے جدید لڑاکا طیارے کاغذ کے جہازوں کی طرح زمین پر گرے۔ دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ 'آپریشن سندور' کا جواب ہماری بہادر افواج نے بھارت کے اندر گھس کر دیا اور ثابت کیا کہ پاکستانی افواج کل بھی تیار تھیں اور آج بھی ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ شرکا نے فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کو ان کی لازوال جرات پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔





















