معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے زیرِ اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 'معرکہ حق' ملکی تاریخ کا وہ اہم ترین موڑ ہے جس نے دنیا کے سامنے ایک نیا اور مضبوط پاکستان پیش کیا، دشمن نے ہمیں کمزور سمجھا مگر ہم نے ایسا بھرپور جواب ملا کہ اس کی برتری کا غرور خاک میں مل گیا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے خلاف 'چھ-صفر' کا اسکور آج بھی عالمی توجہ کا مرکز ہے۔۔ دشمن کے رافیل طیارے ناکام ہوئے اور ان کا ایئر ڈیفنس سسٹم اپنے ہی طیاروں کو نہ بچا سکا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کی پیشہ ورانہ مہارت نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کے مثالی رابطے نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ ہمارا ازلی دشمن بھارت عالمی قوتوں کے ذریعے جنگ بندی کی درخواستیں کرنے پر مجبور ہوا۔ معرکہ حق میں پوری قوم نے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔۔ اور پاکستان نے دنیا کو ذمہ دار اور مضبوط ریاست ہونے کا پیغام دیا۔ تقریب میں شہداء کے اہلخانہ کے جذبے کو بھی سلام پیش کیا گیا۔






















